حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد میں سردی کے موسم میں بھی واپڈا کی صارف دشمنی عروج پر ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 12سے 14گھنٹے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ بیشتر علاقوں میں بجلی کے خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز کئی کئی روز گزر جانے کے باوجود صحیح نہیں کئے جاسکے ہیں۔ حیسکو گاڑی کھاتہ سب ڈویژن کا ہوم اسٹیڈ ہال چاڑھی پر حسرت مولاہانی لائبری کے باہر لگا ٹرانسفارمر 12 روز سے خراب پڑا ہے جس کے باعث وسیع علاقے میں بجلی بند ہے، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے صارفین کو پانی کی شدید قلت کا بھی سامنا ہے۔ حیسکو کے افسران اتنے روز گزر جانے کے باوجود نہ تو ٹرانسفارمر صحیح کراسکے ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی تسلی بخش جواب دیا جارہا ہے۔ جس کے سبب علاقے کے مکین اور دکاندار وں میں اشتعال پایا جاتا ہے۔ یہی صورتحال شہر کے مختلف علاقوں کی ہے جہاں خراب ہونے والے ٹرانسفارمر بنوانے کیلئے حیسکو کا عملہ رشوت طلب کرتا ہے اور رشوت نہ دینے والے صارفین کو کئی کئی روز تک بجلی کی فراہمی نہیں کی جاتی۔ اس صورتحال میں کاروباری طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہورہا ہے۔