بدین میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات

61

بدین (نمائندہ جسارت)بدین ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات لالہ دلدار پٹھان اور امیر آزاد فرینڈز گروپ بھاری اکثریت سے کامیاب دلدار خان صدر اور امیر آزاد پھنور سیکرٹری منتخب ، پیپلزپارٹی کے ایم پی اے کے حمایت یافتہ گروپ کو شکست کا سامنا،کامیاب گروپ کا جشن ۔بدین ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں لالہ دلدار پٹھان اور امیر آزاد فرینڈز گروپ بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گیا جبکہ پیپلزپارٹی کے ایم پی اے حاجی تاج محمد ملاح کے حمایت یافتہ گروپ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن بدین کے سالانہ انتخابات میں سینئر وکیل رہنما اور پیپلز پارٹی لائر فورم ضلع بدین کے صدر سابق صدر بدین بار ایڈوکیٹ دلدار خان پٹھان اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی نائب صدر ایڈووکیٹ امیر آزاد پھنور کے فرینڈز گروپ کا مقابلہ پیپلزپارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی تاج محمد ملاح کے حمایت یافتہ ایڈووکیٹ فیاض ابڑو گروپ کے درمیان ہوا۔انتخابی نتائج کے مطابق ایڈووکیٹ دلدار خان پٹھان نے سندھ ترقی پسند پارٹی لائر فورم کے ضلعی صدر ایڈووکیٹ ریاض مصطفیٰ آرائیں کو شکست دے کر صدر منتخب ہو گئے جبکہ ایڈووکیٹ امیر آزاد پھنور نے پیپلزپارٹی کے اصغر چانگ کو شکست دے کر سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن انتخابات کے جاری نتائج کے مطابق معشوق بھرگڑی نائب صدر ، اسد کھوسو جوائنٹ سیکرٹری ، کامران بھرگڑی خزانچی ، رمضان رند لائبریرین سیکرٹری اور مینجمنٹ کمیٹی کے لئے محمد پریاڑ، عزیز بکاری ، محمد سلطان سومرو ، مختار ساند ، محمد رفیق آرائیں اور نور محمد سومرو کامیاب ہو گئے۔واضح رہے کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیاب وکل گروپ کو پیپلزپارٹی لائر فورم ، جی ڈی اے مرزا گروپ ، سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے علاوہ تحریک انصاف اور نوجوان وکل کی اکثریت کی حمایت حاصل تھی جبکہ شکست سے دوچار ہونے والے گروپ کو پیپلزپارٹی اراکین اسمبلی کے علاوہ سندھ ترقی پسند پارٹی کی حمایت حاصل تھی۔کامیاب گروپ کے وکلا کی جانب سے اپنے حمایت یافتہ امیدواروں کی شاندار کامیابی پر ڈھول کی تھاپ پر نعرے بازی کرتے ہوئے جشن منایا گیا اور کامیاب امیدواروں کو پھولوں کے ہار اور سندھی اجرکوں کے تحفے بھی پیش کیے گئے جبکہ جشن کا سلسلہ رات دیر تک جاری رہا۔