گوادر، الیکشن کمیٹی نے پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

36

گوادر (نمائندہ جسارت) گوادر، الیکشن کمیٹی نے پریس کلب کی نو منتخب کابینہ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، نئے عزم کے ساتھ تمام دوستوں کو ساتھ لیکر پریس کلب کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے کام کروں گا۔ نومنتخب صدر اسماعیل عمر کا اظہار خیال۔ الیکشن کمیٹی نے گوادر پریس کلب کی نو منتخب عہدیداران کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیٹی کے چیئرمین ایم بی سالک نے گوادر پریس کلب میں نومنتخب کابینہ کے صدر اسماعیل عمر ، نائب صدر بشیر احمد ، جنرل سیکرٹری سہیل محمود ، جوائنٹ سیکرٹری جاوید احمد اور خازن شئے حق بلوچ کو نوٹیفکیشن حوالے کرکے پریس کلب کی ذمہ داریاں ان کے حوالے کردیں۔ اس موقع پر الیکشن کمیٹی کے چیئرمین ایم بی سالک نے نومنتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نومنتخب کابینہ گوادر پریس کلب کو فعال و متحرک بنانے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود سمیت علاقے میں تعمیری و مثبت صحافت کے فروغ کے لیے کام کرے گی۔اس موقع پر پریس کلب کی صدارت کا چارج لیکر اسماعیل عمر نے الیکشن کمیٹی کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے جمہوری انداز میں پریس کلب کے الیکشن کامیابی سے مکمل کیے انھوں نے پریس کلب کی فعالیت اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے عزم کا بھی اظہار کرتے ہوئے پریس کلب کی فعالیت کے لیے تمام دوستوں کو آن بورڈ لینے کا بھی اعادہ کیا ہے۔