کراچی ( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ قومی اسمبلی کا کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مذمتی بیان میں کہنا تھا کہ موسم سرما کے دوران بھی گھنٹوں بجلی کی عدم موجودگی سمجھ سے بالاتر ہے، سرجانی اورنگی نارتھ کراچی ناظم آباد گلشنِ اقبال گلستانِ جوہر محمود آباد شاہ فیصل کالونی ملیر لانڈھی کورنگی سمیت پورا شہر دن کے بیشتر حصّے میں بجلی سے محروم ہوتا ہے، حق پرست اراکینِ قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ سرد موسم میں برقی آلات کے استعمال میں کمی ہونے کے باوجود مسلط شدہ ادارہ توانائی کی ضرورت کو پورا کرنے سے مجرمانہ طور پر قاصر ہے کہیں مرمتی کام اور کہیں بجلی چوری کے نام پر پندرہ پندرہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے وقت بے وقت بجلی کی عدم فراہمی نے شہریوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے اور کوئی اْن کا پرسان حال نہیں، ارکانِ اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ حکام بالا کراچی کے ساتھ ہونے والے اِس ظْلم پر اپنا کردار ادا کریں۔ کیا معاشی حب کو اندھیرے میں دھکیلنے والا ادارہ کسی قانونی زمرے میں شامل ہے‘ تمام تقاضوں سے مبرّا ہے؟