کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت بچوں کی صحت کے حوالے سے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ چائلڈ لائف کا آغاز 2010 میں ہوا تھا، اور آج تک یہ سفر جاری ہے۔ اس میں چائلڈ لائف کی ٹیم، نرسز، ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی محنت شامل ہے، اور وزارت صحت نے بھی اس میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر سندھ کی صحت سہولتوں کو تسلیم کیا جا رہا ہے، اور یہ سندھ حکومت کی کامیابی ہے کہ بچوں کی شرح اموات میں کمی آئی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ چائلڈ لائف ایمرجنسی منصوبہ سندھ کے ہر تحصیل میں پہنچایا گیا ہے، اور اس کے نتیجے میں بچوں کی صحت کے حوالے سے بہتری آئی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ پورے پاکستان میں بچوں کی شرح اموات میں کمی آئی ہے، اور پیپلزپارٹی عوام کی خدمت کا عمل جاری رکھے گی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت نے چائلڈ لائف ایمرجنسی رومز کو پنجاب، کوئٹہ اور گلگت میں قائم کیا ہے، اور کے پی میں بھی جلد اس کا آغاز کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی کامیابی کے ذریعے بچوں کے لیے صحت کی سہولتیں 24 گھنٹے دستیاب ہوں گی اور یہ سندھ کے مستقبل کا وعدہ ہے۔