کراچی: جماعت اسلامی کے تحت سی ویو روڈ پر اسرائیلی دہشت گردی و جارحیت کے خلاف اور اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے غزہ مارچ جاری ہے، مارچ کی قیادت امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کر رہے ہیں۔
شہری اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی لیے فیملیز کے ہمراہ سی ویو پہنچنا شروع ہوگئے، مارچ میں بچے ،بوڑھے ،جوان مرد و خواتین اور سول سائٹی سے وابستہ افراد میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آرہا ہے۔
مارچ کے شرکاء نے اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے بینرز ، پلے کارڈز اٹھائے ہوئے ہیں، شرکاء نے فلسطینی جھنڈے اور مخصوص فلسطینی مفلرز بھی پہنے ہوئے ہیں، مارچ میں گھڑ سوار دستے نے شرکت کی جنہوں نے سفید رنگ کی ٹی شرٹ اور فلسطینی رومال پہنے ہوئے ہیں۔
جماعت اسلامی کے غزہ مارچ سے دیگر رہنماؤں کا خطاب وقفے وقفے سے جاری ہے، اس دوران دلوں میں جذبہ جہاد پیدا کرنے والے ترانے بھی پڑھے جارہے ہیں، جس سے نوجوان شدید نعرے بازی کرکے اپنے جذبات کا اظہار کررہے ہیں۔