عمران خان کی رہائی کیلیے دباؤ ہے نہ بنی گالہ منتقلی کی پیشکش کی ،وزیر دفاع

34

سیالکوٹ (آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا ہر حربہ ناکام ہو ا ہے، ان کی خواہش کے باوجود ترسیلات زر بند نہیں ہوئیں بلکہ ان میں ا ضافہ ہوا ہے ، عمران خان کی رہائی کے لیے ٹرمپ کی طرف سے کوئی دباو نہیں ہے، وہ باہر آئیں گے یا نہیں اس کے بارے میں پیش گوئی نہیں کرسکتا یہ عدالتوں کا کام ہے، سیالکوٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں کام کرنے والے پاکستانی اپنے گھروں کو خرچے کے لیے پیسے بھیجتے ہیں، یہ پی ٹی آئی یا عمران خان کی فرمائش پر بند ہونا قطعی طور پر ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ پی ٹی آئی کے اندازے غلط ثابت ہوتے ہیں اور ترسیلات زر میں اضافہ ہوتا ہے، اب کہہ رہے ہیں کہ 2، 3 مہینے بعد اس کے اثرات ظاہر ہوں گے، ان کا ہر حربہ ناکام ہوا، ہے اور یہ نامراد رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ہمیں بنی گالہ منتقلی کی آفر ہوئی ہے، یہ ان خواہشات ہیں ان میں ذرا برابر صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنے دور میں تباہی کرکے گئی تھی، کل اللہ نے کرم کیا اور پیرس کے لیے پی آئی اے کی فلائٹ چلی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یورپ میں 19 شہروں کے لیے پروازیں شروع ہوں گی جبکہ ہمیں پوری امید ہے کہ برطانیہ سے بھی اجازت ملے گی۔