کرک :تیزرفتارٹرالر نے کئی گاڑیوں کو کچل دیا، 12 افراد جاں بحق

31

کرک (صباح نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں انڈس ہائی وے پر تیز رفتار ٹرالر مسافر بس پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں 12افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ حادثے میں 20 افراد زخمی ہو گئے۔ ڈپٹی کمشنر کرک کے مطابق کرک میں انڈس ہائی وے پر امبیری کلمہ چوک پر حادثہ ہوا، تیز رفتاری کے باعث 22 وہیلر ٹرالر مسافر وین پر الٹ گیا، حادثے کے باعث 3 افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ پولیس حکام کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتا ل منتقل کردیا گیا ، جاں بحق افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حادثہ ٹریلر کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔حادثے میں متعدد پیدل اور ریڑھی بان ٹرالر کی زد میں آئے،ضلع لکی مروت سے تعلق رکھنے والے ٹرالر ڈرائیور سمیع اللہ کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، زخمی ڈرائیور ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ دوسری جانب گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کرک میں ٹریفک حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی، گورنر نے محکمہ صحت کو زخمیوں کو ہرممکن امداد کی فراہمی کی ہدایات جاری کی ہیں۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہلال احمر کی ٹیموں کو امدادی سرگرمیوں کی ہدایات اور خون کے عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔