کرم (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے لوئرکرم مندوری میں وتیزئی قبیلے کا گزشتہ روز 16ویں روز بھی دھرنا جاری رہا جس کے باعث ٹل میں موجود قافلہ تاحال روانہ نہ ہوسکا جبکہ پاراچنار ٹل شاہراہ بھی تاحال ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق راستوں کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، پولیس کا کہنا تھا کہ راستے کلیئر ہوتے ہی قافلے کو پارا چنار روانہ کر دیا جائے گا، احتجاج کے باعث ٹل، پاراچنار مرکزی شاہراہ سمیت تری منگل، غوزگڑھی، بوشہرہ کی سڑکیں بدستور بند رہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ مطالبات حل ہونے تک دھرنا جاری رہے گا، مطالبات میں بگن کو آفت زدہ قرار دینا اور نقصانات کا ازالہ کرنا شامل ہے۔ انتظامیہ اور دھرنا شرکا میں مذاکرات دوبارہ متوقع ہیں جن کے کامیاب ہونے کی صورت میں اپر کرم کے لیے غذائی اجناس کا قافلہ روانہ کیا جائے گا۔خیال رہے کہ کرم کے عوام کی مشکلات دور کرنے کے لیے سامان کے کم از کم 500 ٹرک درکار ہیں۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سید میر حسن جان کے مطابق میڈیکل اسٹورز میں ادویات ختم ہو چکی ہیں اور عوام نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال (ڈی ایچ کیو) کا رخ کرلیا ہے۔