لاہور (نمائندہ جسارت) تحریک انصاف کے بانی کی جانب سے 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کے لیے دائر درخواستوں پر لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے اعتراضات عاید کردیے۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ بانی پی ٹی آئی کی درخواستوں پر بطور اعتراضات 13 جنوری کو سماعت کرے گا۔ بانی پی ٹی آئی نے جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت دیگر مقدمات میں درخواست ضمانت دائر کی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ میں یوٹیوب، فیس بک، ٹک ٹاک پر فوری پابندی عاید کرنے کے لیے درخواست دائر کردی گئی۔ شہری اسلم نے ایڈووکیٹ ندیم سرور کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کو فریق بنایا ہے۔ درخواست گزار نے پٹیشن میں موقف اختیار کیا کہ پاکستان میں ہر دوسرے شخص کا یوٹیوب چینل ہے، جسے وہ بلیک میلنگ کے لیے استعمال کر رہا ہے‘ غیر اخلاقی وڈیوز اپ لوڈ کر کے ویوز لیے جا رہے ہیں اور پیسہ کمایا جا رہا ہے۔ شہری نے استدعا کی کہ لاہور ہائی کورٹ سٹیزن پروٹیکشن رولز پر عملدرآمد کرنے اور سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز بند کرنے کا حکم جاری کرے۔