لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان کا پہلا پنجاب دھی رانی پروگرام لانچ کر دیا۔ لاہور کے میرج ہال میں51 شادیوں کی اجتماعی تقریب سے پروگرام کا آغاز ہوا اور نوبیاہتا جوڑوں میں پانچ کرسچن جوڑے بھی شامل تھے۔ وزیراعلیٰ نے تمام نوبیاہتا جوڑوں کو مبارکباد اور دعائیں دیں۔ ڈاکٹر مفتی محمد رمضان سیالوی اور بشپ ندیم کامران نے دعا کرائی۔ نو بیاہتا دلہا دلہن کو میٹرس، کھانے پکانے کا سامان، ڈنر سیٹ سمیت دیگر سامان کے تحائف دیے گئے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے دھی رانی پروگرام سلامی کارڈ کی لانچنگ بھی کی اور ہر دلہن کو سلامی کارڈ بھی دیا۔ دلہنیں دھی رانی سلامی کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ روپے سلامی حاصل کر سکیں گی۔ تقریب کے شرکا کو محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے ظہرانہ دیا گیا اور اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ شادی بچوں اور والدین کے لیے ایک جذباتی لمحہ ہوتاہے، میں بھی آپ کی ماں ہوں، میں بھی خوش ہوں۔