کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی پاسپورٹ جو دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شمار ہوتا ہے، 2025ء میں بھی چند ممالک کیلیے ویزا فری سفر کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے جنوری سے جون 2025ء کیلیے جاری کردہ پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق، پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد 33 ممالک میں ویزا فری سفر کرسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ویزا فری رسائی کو 3 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ حقیقی ویزا فری سفر: ایسی صورت حال جہاں کسی قسم کے انتظامات کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ویزا آن ارائیول: جہاں متعلقہ ملک پہنچنے پر ویزا جاری کیا جاتا ہے۔ الیکٹرونک ٹریول اتھارٹی (ای ٹی اے) جہاں پیشگی آن لائن اجازت نامہ حاصل کیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 12 ایسے ممالک ہیں جہاں پاکستانی شہری بغیر کسی ویزا کے سفر کرسکتے ہیں، تاہم سفر کیلیے پاسپورٹ کا ہونا ضروری ہے۔ ان ممالک میں بارباڈوس، جزائر کک، ڈومینیکا، ہیٹی، مڈغاسکر، مائیکرونیشیا، مانٹسریٹ، نیووے، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اور گرینیڈینز، ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو، وانواتو بھی ویزا فری ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔ یہ ممالک پاکستانی شہریوں کو ایک منفرد موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ ویزا کے جھنجھٹ کے بغیر ان ممالک کا سفر کر سکیں۔ یہ خبر ان پاکستانی مسافروں کیلیے خوشخبری ہے جو دنیا گھومنے کے خواہش مند ہیں۔