اسلام آباد (صباح نیوز) اسلام آباد پولیس نے بھاری اسلحہ کو خیبر پختونخوا سے اسلام آباد منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ایس ایس پی آپریشنز ارسلان شاہزیب نے تھانہ ترنول میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس نے اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑ کر ملزم کو بھی گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی آپریشنز ارسلان شاہزیب کا کہنا تھا کہ ملزم سے 272 مختلف بور کے پستول، 20 جدید خودکار بندوقیں معہ میگزنیز اور 23 ہزار سے زاید گولیاں برآمد ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزم کے قبضہ سے 150گرام آئس اور 4 ہزار 450 گرام ہیروئن بھی برآمد کی گئی، ملزم سابق ریکارڈ یافتہ اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 8 مقدمات میں ملوث نکلا۔