امریکا ، وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کی گرفتاری پر انعام کا اعلان

108

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو کی گرفتاری یا گرفتاری میں معاون معلومات کے لیے انعام کی رقم کو ڈھائی کروڑ ڈالر تک بڑھا دیا ۔ وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مواصلاتی مشیر جان کربی نے پریس بریفنگ میں وینزویلا پر نئی پابندیوں کا اعلان کیا۔ کربی نے کہا کہ امریکی انتظامیہ نے 2020 ء میں وینزویلا کے صدر مادورو کو پکڑنے یا گرفتار کرنے والی معلومات کے لیے ڈیڑھ کروڑ ڈالر کے انعام کو بڑھا کر ڈھائی کروڑ ڈالر کر دیا ہے۔ کربی نے کہا کہ مادورو نے گزشتہ انتخابات میں ایک بار پھرجمہوری اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے ۔ ہم بطور امریکی انتظامیہ اس کا ضروری جواب دیں گے۔ انہوں نے وینزویلا کے وزیر دفاع ولادیمیر پیڈرینو اور وزیرداخلہ کی گرفتاری کے لیے معلومات فراہم کرنے پر بھی 3کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے مادورو کے قریبی حلقے میں مزید 7افراد کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق وینزویلا کے نکولاس مادورو نے تیسری مدت کے لیے صدر کے عہدے کا حلف اٹھا یا،جس پر امریکا کی جانب سے سخت ردعمل دیا گیا ہے۔ مادورو 2013 ء میں پہلی بار وینزویلا کے صدر منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے 28 جولائی 2024 کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں 52 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسری بار کامیابی حاصل کی تھی،جب کہ اپوزیشن اتحاد کے امیدوار ایدمندو گونزالیز اور اپوزیشن رہنما ماریا کورینا ماچاڈو نے 28 جولائی کو انتخابی نتائج کو مسترد کر دیا تھا۔