کراچی (رپورٹ: عارف میمن) پیغام پاکستان اور مسلم یوتھ لیگ کے زیر اہتمام ملکی تاریخ کے سب سے بڑے 15روزہ ’’گل زمین فٹبال کپ‘‘ کا سلسلہ جاری ہے جس میں 5ویں روز 6 میچز کھیلے گئے۔ میچز کراچی کے 3 مختلف گرائونڈز ککری گرائونڈ لیاری ، حیدری اسپورٹس گرائونڈ ، محمدی اسپورٹس گرائونڈ ملیر میں منعقد ہوئے۔ میچز کے دوران تمام ٹیموں نے مجموعی طور پر 21گول کیے جبکہ بلوچ مجاہد 8گول بناکر ایونٹ میں نمایاں رہی۔ تفصیلات کے مطابق گل زمین فٹبال کپ ککری گرائونڈ لیاری میں میچز کے دوران پہلا میچ حیدری بلوچ بمقابلہ سندھ بلوچ ہوا جس میں حیدری بلوچ نے 2-1 سے جیت اپنے نام کی جبکہ دوسرا میچ بلوچ الیون بمقابلہ وہاب الیون کھیلا گیا جس میں بلوچ الیون نے 1-0 سے حریف ٹیم کو شکست دے دی۔ اسی طرح محمدی اسپورٹس گرائونڈ ملیرمیں ہونے والے میچز کے دوران پہلا میچ جام الیون بمقابلہ لال الیون ہوا جس میں جام الیون نے 4-1سے مدمقابل ٹیم کو چت کرکے جیت اپنے نام کی۔ دوسرا میچ دلبود محمدن بمقابلہ صاحبداد اسٹار ہوا جس میں دلبود نے 1-0سے حریف ٹیم کو شکست دے دی۔ جبکہ حیدری اسپورٹس گرائونڈ میں کھیلے گئے میچز کے دوران پہلا میچ بسم اللہ اسپورٹس بمقابلہ جلال مراد ہوا جس میں بسم اللہ اسپورٹس نے 3-1 سے جلال مراد کو شکست دے دی۔ دوسرا میچ بلوچ مجاہد بمقابلہ اللہ داد محمدن کھیلا گیا، بلوچ مجاہد نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 گول کا پہاڑ کھڑا کردیا جبکہ اللہ داد ٹیم کی جانب سے کوئی گول جال تک نہیں پہنچایاجاسکا۔ واضح رہے مسلم یوتھ لیگ اور پیغام پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ’’گل زمین فٹبال کپ‘‘ تین مختلف گرائونڈز میں کھیلا جارہا ہے جس میں96ٹیموں کے 1000کھلاڑی ایکشن میں ہیں۔ میچز 15روز تک جاری رہیں گے اور فائنل جیتنے والوں کے لیے خوبصورت ٹرافی کے علاوہ لاکھوں کے نقد انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔