اسحاق ڈار کی او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، اہم ایشوز پر تبادلہ خیال

72

اسلام آباد(صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین برہم طحہ سے ملاقات کی۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کا پاکستان میں خیرمقدم کیا۔دفترخارجہ کے مطابق انہوں نے مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم: چیلنجز اور مواقع کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس میں او آئی سی کی جانب سے اعلی سطح کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اسحاق ڈار نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں غزہ اور مشرق وسطی کی صورتحال، ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر ، افغانستان،
اسلامو فوبیا، دنیا بھر میں مسلمانوں کیخلاف امتیازی سلوک اور تشدد اور اس سلسلے میں OIC کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے اوآئی سی کے اصولی موقف اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا اور اسلامو فوبیا پر او آئی سی کے خصوصی ایلچی کی تقرری کو سراہا۔