طبی ماہرین نے نئی تحقیق میں نیند کا حیران کن فائدہ دریافت کرلیا

90

کوپن ہیگن:طبی ماہرین کی جانب سے نیند کے فوائد پر حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے جو نہ صرف جسمانی توانائی بلکہ ذہنی صحت کے لیے بھی اہم ہے۔

ڈنمارک کی کوپن ہیگن یونیورسٹی کے تحقیق کاروں کے مطابق گہری نیند کے دوران دماغ اپنی صفائی کے عمل کو فعال کرتا ہے، جس سے فاضل مواد کو خارج کیا جاتا ہے جو دن بھر کے کام کے دوران جمع ہو جاتا ہے۔

محققین نے norepinephrine نامی ایک مالیکیول کی شناخت کی ہے جو دماغی صفائی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ نیند کے دوران، دماغ ہر 50 سیکنڈ میں اس مالیکیول کی ننھی لہریں خارج کرتا ہے۔

یہ مالیکیول دماغ کی شریانوں کو سکڑنے پر مجبور کرتا ہے، جس سے خون کا بہاؤ پیدا ہوتا ہے۔ یہ بہاؤ سیال کے ذریعے دماغی فاضل مواد کو بہا لے جاتا ہے، بالکل ایسے جیسے برتن دھونے والی مشین برتنوں کو صاف کرتی ہے۔

یہ تحقیق دماغی صحت کے لیے نیند کی اہمیت کو مزید اجاگر کرتی ہے۔ گہری نیند دماغی بیماریوں جیسے الزائمر یا دیگر نیوروڈیجینیریٹو مسائل سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ یہ بیماریوں فاضل مواد کے جمع ہونے سے منسلک ہیں۔

محققین اب اس سلسلے میں انسانوں پر مطالعہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ انسانوں میں norepinephrine دماغ کی صفائی کے لیے کیا کردار ادا کرتا ہے۔