کراچی: پیغام پاکستان اور مسلم یوتھ لیگ کے زیر اہتمام ملکی تاریخ کے سب سے بڑے 15روزہ ”گل زمین فٹبال کپ“ کا سلسلہ جاری ہے جس میں پانچویں روز 6 میچز کھیلے گئے۔ یہ میچز کراچی کے 3 مختلف گراؤنڈز ککری گراؤنڈ لیاری ، حیدری اسپورٹس گراؤنڈ ، محمدی اسپورٹس گراؤنڈ ملیر میں کھیلے گئے۔ میچز کے دوران تمام ٹیموں نے مجموعی طور پر 21گول کیے جبکہ بلوچ مجاہد 8گول بناکر ایونٹ میں نمایاں رہی۔
تفصیلات کے مطابق گل زمین فٹبال کپ ککری گراؤنڈ لیاری میں میچز کے دوران پہلا میچ حیدری بلوچ بمقابلہ سندھ بلوچ ہوا جس میں حیدری بلوچ نے 2-1 سے جیت اپنے نام کی جبکہ دوسرا میچ بلوچ ایلیون بمقابلہ وہاب ایلیون کھیلا گیا جس میں بلوچ ایلیون نے 1-0 سے حریف ٹیم کو شکست دے دی۔ اسی طرح سے محمدی اسپورٹس گراؤنڈ ملیر ہونے والے میچز کے دوران پہلا میچ جام ایلیون بمقابلہ لال ایلیون ہوا جس میں جام ایلیون نے 4-1سے مدمقابل ٹیم کو چت کرکے جیت اپنے نام کی۔
دوسرا میچ دلبود محمڈن بمقابلہ صاحبداد اسٹار ہوا جس میں دلبود نے 1-0سے حریف ٹیم کو شکست دے دی۔ جبکہ حیدری اسپورٹس گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچز کے دوران پہلا میچ بسم اللہ اسپورٹس بمقابلہ جلال مراد ہوا جس میں بسم اللہ اسپورٹس نے 3-1 سے جلال مراد کو شکست دے دی۔ دوسرا میچ بلوچ مجاہد بمقابلہ اللہ داد محمڈن کھیلا گیا، بلوچ مجاہد نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 گول کا پہاڑ کھڑا کردیا جبکہ اللہ داد ٹیم ایک گول بھی نہ کرسکی اور ہار مقدر بنی۔
واضح رہے مسلم یوتھ لیگ اور پیغام پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے ”گل زمین فٹبال کپ“ تین مختلف گراؤنڈز میں کھیلا جارہا ہے جس میں 1000کھیلاڑی کھیل رہے ہیں جبکہ 96ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ میچز 15روز تک جاری رہیں گے اور فائنل جیتنے والوں کے لیے خوبصورت ٹرافی کے علاوہ لاکھوں کے نقد انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔