جماعت اسلامی کے تحت گرینڈ آل پارٹیز کانفرنس کل ہوگی

67

سکھر (نمائندہ جسارت) حکومت سندھ کی ناقص و ناکام پالیسیوں کے باعث صوبہ سندھ میں بے امنی، لاقانونیت، اغوا برائے تاوان، ڈاکو راج، رہزنی ، ڈکیتیوں ، اسٹریٹ کرائمز، قبائلی جھگڑوں سمیت دیگر مسائل پر جامع حکمت عملی وضع کرنے اور مشترکہ لائحہ کیلئے جماعت اسلامی سندھ کی میزبانی میں گرینڈ آل پارٹیز کانفرنس 12 جنوری بروز اتوار دن دس بجے، آر ٹی رائل تاج ہوٹل نزد لب مہران سکھر میں منعقد ہو رہی ہے۔کانفرنس کی تمام تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں، اے پی سی میں شرکت کیلئے سندھ بھر سے ممتاز سیاسی سماجی، مذہبی شخصیات، مختلف سیاسی مذہبی جماعتوں تجارتی انجمنوں کو دعوت دی گئی ہے۔صوبائی ڈپٹی سیکرٹری مولانا حزب اللہ جکھرو نے بتایا ہے کہ اے پی سی میں شرکت کیلئے سیاسی مذہبی جماعتوں سمیت دیگر تمام نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے، اے پی سی کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔