سکھر،اسپتالوں میں غیرمعیاری سرجیکل سامان کے استعمال کا انکشاف

50

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر سول اسپتال اور ریجن کے دیگر سرکاری اسپتالوں میں آپریشن کے دوران استعمال ہونے والے سرجیکل سامان کے غیر معیاری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ سرجیکل سامان جو روڈ حادثوں،مختلف حادثات میں زخمی ہونے والے مریضوں، پتے کے آپریشن، گردے، اور گائنی کے مریضوں کے آپریشنز کے لیے آپریشن تھیٹر میں استعمال کیا جا رہا ہے، ناقص معیار کی وجہ سے مریضوں کے زخم خراب ہونے کا سبب بن رہا ہے، جس کے باعث مریض شدید اذیت کا شکار ہو رہے ہیں۔مریضوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد زخموں میں پیچیدگیاں پیدا ہو رہی ہیں اور انفیکشن کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ناقص سرجیکل آلات زخموں کو خراب کر دیتے ہیں، جس سے نہ صرف مریض کی صحت کو مزید خطرہ لاحق ہوتا ہے بلکہ علاج کا دورانیہ بھی طویل ہو جاتا ہے۔مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت اس سنگین مسئلے پر خاموش ہے اور تاحال کسی قسم کا نوٹس نہیں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت کو کئی بار شکایات موصول ہو چکی ہیں، لیکن غیر معیاری سامان فراہم کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ریجن کے دیگر اسپتالوں میں بھی یہی صورتحال دیکھنے میں آ رہی ہے، جن میں لاڑکانہ، شکارپور، گھوٹکی، خیرپور، اور کشمور کے سرکاری اسپتال شامل ہیں۔