ایک ہفتے میں 18 اشیائے ضروریہ مزید مہنگی ہوگئیں، ادارہ شماریات

47

اسلام آباد () ملک میں ایک ہفتے کے دوران 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کردیے گئے جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران دال مونگ 2.56 فیصد مہنگی ہوئی۔ 5لیٹر کوکنگ آئل 1.56 فیصد، چینی 1.23 فیصد، گھی، بریڈ، لہسن، جلانے کی لکڑی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مہنگائی بڑھنے کی شرح سالانہ بنیادوں پر 1.90 فیصد پر آگئی ہے اور ایک ہفتے کے دوران 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی فی کلو قیمت 31.40 فیصد کم ہوئی، اسی طرح آلو 10.36 فیصد سستے ہوئے۔ ایک ہفتے میں انڈے 5.96 فیصد اور دال چنا 1.64 فیصد سستی ہوئی۔ ان کے علاوہ پیاز، چاول، دال ماش بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہیں۔