اسلام آباد (کامرس ڈیسک) سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 33 فیصد اور دسمبر ماہانہ بنیادوں پر 6 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کر دہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں نے 17.846 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کیمقابلہ میں 33 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 13.435 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا تھا۔ دسمبر میں سمندر پار پاکستانیوں نے 3.079 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو دسمبر 2023 کے مقابلہ میں 29 فیصد زیادہ ہے۔دسمبر 2023 میں سمندر پارپاکستانیوں نے 2.382 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔نومبر کے مقابلہ میں دسمبر میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 6 فیصد کی نمو ریکارڈکی گئی ہے۔نومبر میں سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر کا حجم 2.915 ارب ڈلر ریکارڈکیاگیا جو دسمبرمیں بڑھ کر 3.079 ارب ڈالر ہو گیا۔ جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سعودی عر ب سے ترسیلات زر کاحجم 4.424 ارب ڈالر، یو اے ای 3.584 ارب ڈالر، برطانیہ 2.639 ارب ڈالر یورپی یونین ممالک 2.135 ارب ڈالر اور امریکا سے ترسیلات زر کا حجم 1.774 ارب ڈالر ریکارڈکیاگیا ہے۔