کراچی انٹرمیڈیٹ کا نتیجہ 33 فیصد آنا افسوسناک ہے‘ اسلامی جمعیت طالبات

29

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے فرسٹ ائر کے نتائج پر اسلامی جمعیت طالبات نے مطالبہ کیا ہے کہ اسکروٹنی فیس مکمل طور معاف کی جائے اور کراچی کے طلبہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔ ناظمہ صوبہ اسلامی جمعیت طالبات سندھ حلیمہ سعدیہ کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ فرسٹ ائر کا نتیجہ محض33 فیصد رہا ہے، سندھ کے دیگر بورڈ کا80 فیصد سے زائد نتائج آنا، اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ تعلیمی نظام تخصیص کا شکار ہے اور پیسوں کے بل بوتے پر تمام فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ اسلامی جمعیت طالبات صوبہ سندھ اس بات کا مطالبہ کرتی ہے کہ تعلیم کو تجارت بننے سے روکا جائے اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج سے متعلق کراچی کے اسٹیک ہولڈر پر مشتمل بااختیار کمیٹی تشکیل دی جائے، جس کے ذریعے اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکروٹنی کا عمل شروع ہونا اچھا عمل ہے لیکن اس عمل کے دوران پیپرز کو ری اسیس کیا جائے اور اسکروٹنی فیس مکمل معاف کی جائے۔