غزہ /تل ابیب /واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کی غزہ میں گزشتہ روز بھی وحشیانہ بمباری جاری رہی، 24 گھنٹے میں مزید74 فلسطینی شہید جبکہ 104زخمی ہوگئے۔ اسرائیل نے نئے سال کے پہلے 9 روز میں 490 فلسطینیوں کو شہید کردیا، غزہ میں اربکان پناہ گزین اسکول پر حملے میں3 فلسطینی شہید ہوگئے، غزہ سٹی میں اسرائیلی فضائی حملے میں 4 افراد شہید ہوئے، دیر البلاح میں ایک مکان پر حملے میں 5 افراد شہید ہوگئے۔جنگ میں مجموعی شہادتوں کی تعداد46ہزار سے تجاوز کر گئی، اسرائیلی فوج کے مغربی کنارے پر چھاپے کے دوران 15 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ غزہ معاہدے کی جانب ’حقیقی پیش رفت‘ ہو رہی ہے، کیونکہ مذاکرات کار اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جو بائیڈن نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اس سے قبل لبنان کے نئے صدر جوزف عون سے بھی بات کی تھی، وہ بہترین انسان ہیں، اور وہ بھی اس معاہدے کے لیے بہت محنت کر رہے ہیں۔ امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگی بے قابو آگ کئی ہزار ایکڑ رقبے تک پھیل گئی جس کے باعث ہولی وڈ کے نامور اداکاروں کے گھر بھی آگ کی زد میں آگئے ہیں جن میں غزہ جنگ کی حمایت کرنے والے اداکار جیمز وڈز بھی شامل ہے۔جیمز وڈز گزشتہ روز ’سی این این‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے آبدیدہ ہوگیا اور کہا کہ ’یہ اپنے کسی قریبی کو کھو دینے جیسا ہے، ایک دن آپ اپنے گھر کے سوئمنگ پول میں تیر رہے ہوتے ہیں لیکن اگلے دن سب کچھ ختم ہوجاتا ہے۔