ٹل تا پاڑاچنار شاہراہ 7ویں روز بھی بند، مظاہرین کا سڑک کھولنے سے انکار

70

کرم ( صباح نیوز)ٹل پارا چنار شاہراہ بدستور بند‘ مظاہرین کاسڑک کھولنے سے انکار‘مکین قافلوں کی آمد کا انتظار کرتے رہے‘اشیائے خورونوش سے لدے ٹرکوں کے قافلے ساتویں روز بھی راستہ کھلنے کے منتظر۔مندوری کے مقام پر بگن متاثرین کا پر امن دھرنا جاری ہے۔ بگن متاثرین علاقے میں آتشزدگی کے متاثرین کے لئے معاوضہ کے طالب ہیں تاہم کچھ روز قبل اپر کرم جانے والے رسد سامان کے قافلوں کو پر امن طریقے سے گزارنے کے لئے دھرنے کے باوجود روڈ کو کھولا گیا تھا۔سرکاری ذرائع کے مطابق پارا چنار کے لیے سامان رسد کا اگلا قافلہ 2روز میں روانہ ہو گا۔ سامان میں اشیائے خوردونوش سمیت دیگر اشیا ضروریہ بھی شامل ہوں گی۔قافلے پاراچنار سمیت کرم کے مختلف علاقوں کے لئے سامان لے کر جائیں گے۔ تاہم اہلیان اپر کرم کے مطابق علاقے میں ایل جی پی اور پٹرولیم مصونات سمیت کئی اشیا کا بحران ہے جس کی فراہمی فوری طور پر ممکن بنائی جائے۔واضح رہے کہ95 روز گزرنے کے باوجود ٹل پاراچنارمین شاہراہ عام ٹریفک کے لئے تاحال بند ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹل کینٹ میں مندوری دھرنا مظاہرین کے ساتھ آج مذاکرات متوقع ہیں۔