ایلون مسک نے جرمن ووٹرز سے یہ اپیل ایکس پر ایک براڈ کاسٹ کے دوران ایلس ویڈل کی میزبانی کرتے ہوئی کی۔ جرمن قائدین نے ایلون مسک کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب ملکوں اور حکومتوں کے معاملات میں خطرناک حد تک مداخلت کر رہے ہیں۔
ایلون مسک نے براڈ کاسٹ کے دوران جرمن سیاست و معیشت پر ایلس ویڈل سے کُھل کر بات کی اور متعدد مقامات پر جرمن حکومت کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جرمن حکومت خارجہ پالیسی کے میدان میں شدید ناکامی سے دوچار رہی ہے۔ یورپی یونین میں جرمنی کا مقام بھی شدید متاثر ہوا ہے۔
جرمنی سمیت متعدد ممالک کے میڈیا نے ایلون مسک پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُنہیں کسی بھی ملک کے معاملات میں مداخلت سے واضح طور پر گریز کرنا چاہیے اور اپنے مضبوط سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے کسی بھی ملک کے معاملات پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ یورپی سیاست دانوں کا کہنا ہے کہ امریکی سرزمین سے یورپ کے معاملات میں مداخلت کی کوششیں ناقابلِ قبول ہیں۔ اس معاملے میں احتیاط لازم ہے مگر امریکی اس کے لیے تیار نہیں۔