اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والا طالب علم نکلا

126
a bomb turned out to be the student

دہلی: درجنوں اسکولوں کو بم کی دھمکیاں ملنے پرپولیس نے 12ویں جماعت کے طالب علم کو حراست میں لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ دہلی میں 12ویں جماعت کا طالب علم امتحان نہیں دینا چاہتا تھا اور اس نے اسکولوں میں امتحانات منسوخ کرانے کے لیے خوف و ہراس پھیلایا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز 10 تعلیمی اداروں کو ای میلز کے ذریعے بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں، اس سے قبل بھی دہلی کے اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ جس کے بعد سابق وزیراعلیٰ اروند کیجروال نے کہا تھا کہ دہلی میں امن و امان کی صورتحال اتنی خراب کبھی نہیں تھی۔

بم کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد اسکولوں کی انتظامیہ طلبہ کو واپس بھیج دیتی، جبکہ بم اسکواڈ اور اسنفر ڈاگ تعلیمی اداروں میں بم یا مشتبہ چیز ڈھونڈنے کے لیے پہنچ جاتے۔ تاہم ان کو دن کے اختتام پر کچھ بھی مشکوک نہیں ملتا تھا۔

رپورٹ کے مطابق پچھلے مہینے ایسے ہی ایک واقعے میں 40 سے زیادہ اسکولوں کو ای میل کے ذریعے بم کی دھمکی ملی تھی۔