کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کی ابتر حالت پیپلز پارٹی کی 16 سالہ بدترین حکمرانی کا ثبوت ہے۔
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن جناح ٹاؤن کے تحت یو سی 4 میں نیو ایم اے جناح روڈ پر میر عثمان علی پردہ پارک میں پھولوں کی 5 روزہ نمائش کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک آگے بڑھے گا۔کراچی پورے ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے۔ اس شہر کے اندر بڑا ٹیلنٹ اور پوٹینشل موجود ہے مگر بد قسمتی سے کوئی حکومت اور حکمران پارٹی کراچی کو اون نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ عوام بجلی، پانی سڑکوں و انفرا اسٹرکچر کی تباہ حالی اور ٹرانسپورٹ سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہیں۔ کراچی کے منصوبوں کی تکمیل کی کوئی حتمی ڈیڈ لائین مقرر نہیں، کئی کئی سال تعمیراتی کام مکمل نہیں ہوتے اور عوام مسائل میں کمی کے بجائے اذیت اور مشکلات میں پھنسے رہتے ہیں۔
منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ لاہور میٹرو11ماہ، ملتان میٹرو13ماہ، راولپنڈی میٹرو 20ماہ میں مکمل ہو جاتی ہے لیکن ایک ریڈ لائن پروجیکٹ کو 3 سال ہو گئے ہیں،اس کی تکمیل دُور دُور تک نظر نہیں آرہی۔کراچی کی موجودہ ابتر حالت پیپلز پارٹی کی16سالہ بدترین حکمرانی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔قابض میئر اب تک شہر میں گٹر کے ڈھکن تک نہ لگا سکے اور کراچی کے بچے گٹروں میں گر کر اپنی جان گنوا رہے ہیں۔
تقریب سے امیر ضلع قائدین انجینئر عبد العزیز، ٹاؤن چیئر مین رضوان عبد السمیع، پارکس کمیٹی کے انچارج حماس قریشی نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت وائس یوسی چیئر مین ضیاء نے کی۔ اس موقع پر وائس ٹاؤن چیئر مین حامد نواز، سیکرٹری ضلع نعمان حمید، ٹاؤن کوآر ڈینیٹر ولید احمد، سینئر ڈپٹی سیکرٹری صہیب احمد،یوسی چیئر مین راؤ عاطف قریشی، ٹاؤن آفیسر محمد سلیم،مرد وخواتین اور بچوں سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
منعم ظفر خان نے فیتہ کاٹ کر نمائش کا افتتاح کیا جب کہ پارک آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ پورے پارک کو برقی قمقموں اور دیگر رنگ برنگے غباروں سے بھی سجایا گیا تھا۔ خوبصورت پھولوں اور سجاوٹ کے ساتھ پورا پارک قابل ِ دید کا منظر پیش کر رہا تھا۔
علاقہ مکینوں نے جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کی کوششوں کو سراہا اور زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ حماس قریشی نے منعم ظفر خان، انجینئر عبد العزیز اور رضوان عبد السمیع کو گلدستہ پیش کیا۔
منعم ظفر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ سندھ حکومت اور قابض میئر کی جانب سے اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہ کرنے اور ٹاؤن اور یوسیز کو ترقیاتی اسکیموں میں ان کا جائز و قانونی حق اور فنڈز نہ دینے کے باوجود جماعت اسلامی نے 9ٹاؤنز میں مثالی عوامی خدمات انجام دی ہیں اور مختصر وقت میں 125پارکوں کو بحال کر کے عوام کے لیے کھولا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 44ہزار اسٹریٹ لائٹس نصب کیں، اوپن ایئر جم اور روڈ سائیڈ اربن فارسٹ کا تصور پیش کیا اور شجر کاری کی۔ واٹر کارپوریشن اور قابض میئر کی جانب سے گٹر کے ڈھکن تک فراہم نہیں کیے گئے لیکن ہم نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنے ٹاؤن اور یوسیز میں 15ہزار مین ہولز کور فراہم کیے۔
امیر جماعت کا کہنا تھا کہ پیور بلاکس سے سڑکیں اور گلیاں تعمیر کیں اور عوام سے وعدے کے مطابق اختیارات و وسائل سے بڑھ کر کام کیا۔ جماعت اسلامی نے مسلسل اور ہر محاذ پر اہل کراچی کا مقدمہ لڑا ہے اور مسئلے کے حل کے لیے عوام کی موثر اور توانا آواز بنی ہے۔
منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئر مین اور ان کی پوری ٹیم، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے مختلف شعبوں، پارک ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داران کی کوششوں کی تعریف کی اور ان کی جانب سے عوام کے لیے ٹاؤن میں مختصر وقت میں پارکوں کی بحالی اور پھولوں کی نمائش منعقد کرانے پر مبارکباد بھی پیش کی۔
انجینئر عبد العزیز نے کہا کہ جماعت اسلامی کے جناح ٹاؤن نے عوام سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کیا ہے اور ان حالات میں جب عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بجلی و پانی سمیت مختلف مسائل کا شکار ہیں، ان کے لیے پھولوں کی نمائش اور پارک میں ہرے بھرے درخت اور پودے لگا کر نیکی اور عوامی خدمت کا بہت بڑا کام کیا ہے۔ان کی کوششوں سے علاقہ مکینوں کے چہرے خوشی اور مسرت سے چمک رہے ہیں۔
رضوان عبد السمیع نے کہا کہ ہماری پوری ٹیم کی دن رات محنت اور کوششوں کے بعد اب اس پردہ پارک میں خوبصورت مناظر نظر آرہے ہیں اور پورا پارک گل ِ گلزار بنا ہوا ہے۔ہم نے عوام سے جو بھی وعدہ کیا ہے اپنے محدود وسائل و اختیارات نہ ہونے کے باوجود ان کو پورا کریں گے اور عوام کے درمیان ہمیشہ موجود رہیں گے۔