اوورسیز پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات بھیج کر عمران خان کی کال مسترد کردی، مریم اورنگزیب

125
self-proclaimed revolutionary vow

لاہور:ن لیگ کی ترجمان اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ریکارڈ ترسیلات زر اور یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کے دوبارہ آغاز پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اسے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کی ترقی کا ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے دسمبر 2024 میں3.1 ارب ڈالر پاکستان بھیجے، جو دسمبر 2023 کے مقابلے میں 29.3 فیصد زیادہ ہیں۔ عمران خان کی سول نافرمانی کی کال کو مسترد کرنے پر انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔

سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ساڑھے 4سال بعد یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازیں بحال ہو گئیں۔ انہوں نے سابق حکومت کو قومی اثاثوں کو نقصان پہنچانے کا ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ پی آئی اے کے پائلٹس کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو جواب دینا ہوگا۔

موجودہ حکومت کے پہلے سال کا موازنہ سابقہ حکومت کے پہلے سال سے کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا، مہنگائی میں کمی کی گئی، سی پیک بحال ہوا اور غیر ملکی دوستوں کی واپسی ہوئی جب کہ سابقہ حکومت کا دور تاریخی مہنگائی، خراب خارجہ پالیسی اور قرضوں کے بوجھ کا دور تھا۔

مریم اورنگزیب نے حکومت کی کامیابیوں کو مسلم لیگ (ن) کی روایت کا تسلسل قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ موجودہ حکومت ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھے گی۔