اسلام آباد:مفتی اعظم مصر ڈاکٹر نظیر محمد عیاد نے پاکستان میں جامعۃ الازہر کا کیمپس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد اسلامی تعلیمات کے ساتھ عربی ثقافت کا فروغ بھی ہے۔یہ اعلان اسلام آباد میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔
مصری مفتی اعظم کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جامعۃ الازہر میں40 فیصد سے زائد طالبات زیر تعلیم ہیں اور یہ ادارہ خواتین کی تعلیم کے حوالے سے بہت پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنے علما کو مصر بھیجنا چاہیے تاکہ وہ جامعۃ الازہر کی تعلیمات اور تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مصر دونوں قدیم تہذیبوں کے حامل ممالک ہیں۔ جامعۃ الازہر کو اسلامی دنیا کا اہم تعلیمی ادارہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت تعلیم اس کیمپس کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عربی زبان کی تعلیم پر بھی زور دیا جا رہا ہے اور وفاقی دارالحکومت کے تمام سرکاری اسکولوں میں عربی کی کلاسز شروع کی گئی ہیں تاکہ اسلام کی حقیقی تعلیمات سے آگاہی حاصل کی جا سکے۔
اس کے علاوہ 11 جنوری کو ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان بھر کی 2ہزار سے زائد طالبات کو شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے تاکہ خواتین کو مساوی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کا عزم اجاگر کیا جا سکے۔