چیمپئنز ٹرافی:آئی سی سی وفد کل پنڈی اسٹیڈیم کا جائزہ لے گا

116

راولپنڈی:پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آئی سی سی کا 6 رکنی وفد کل (ہفتے کو) پنڈی اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفد راولپنڈی اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لے گا، جہاں 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے دوران 3 اہم میچز کھیلے جائیں گے۔

یہ میچز 24 فروری کو بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان، 25 فروری کو آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان اور 27 فروری کو پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ہوں گے۔

آئی سی سی کے وفد کو پنڈی اسٹیڈیم آمد پر پی سی بی کے حکام اور آفیشلز تزئین و آرائش کے عمل پر بریفنگ دیں گے۔ اس دورے کے بعد وفد لاہور جائے گا جہاں قذافی اسٹیڈیم کی تعمیراتی پیشرفت اور سہولتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل آئی سی سی کا وفد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کر چکا ہے۔ یہ آئی سی سی کا پاکستان آنے والا چوتھا وفد ہے جو چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لے رہا ہے۔