ٹائون میونسپل کمشنر لانڈھی نے چیئرمین کے احکامات ہوا میں اڑا دیے

54

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ٹائون میونسپل کمشنر لانڈھی محمد ابراہیم عمرانی اور سندھ گورنمنٹ کے آڈٹ آفیسر عادل پنہور نے چیئرمین لانڈھی ٹائون عبدالجمیل خان کے احکامات ہوا میں اڑا دیے چیئرمین کی قانونی حیثیت تسلیم کرنے سے انکاری ۔ از خود عوام کی منتخب کردہ کونسل کے اختیارات پر قبضہ ۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی ٹائون میں گزشتہ دنوں فہد عباسی نامی افسر بحیثیت ڈائریکٹر ایجوکیشن لانڈھی کی تعیناتی کا آرڈر لے کر آیا جس پر ٹائون چیئرمین نے فہد عباسی کی مبینہ کرپشن کے حوالے سے اچھی شہرت نہ ہونے پر اسکو جوائنگ دینے سے انکار کردیا اور بحیثیت ڈائریکٹر ایجوکیشن کام کرنے والے مشاہد انور کو کام جاری رکھنے کی ہدایات دی۔ذرائع کے مطابق ٹائون میونسپل کمشنر محمد ابراہیم عمرانی جن کو شدید بیماری کے دوران ٹائون چیئرمین لانڈھی نے بیماری کی وجہ سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رعایت دی۔انہوں نے چیئرمین لانڈھی کی ہدایات کے خلاف جاتے ہوئے فہد عباسی کو بحیثیت ڈائریکٹر ایجوکیشن جوائنگ دے دی۔جس کو بنیاد بنا کر آڈٹ آفیسر عادل پنہور نے محکمہ تعلیم لانڈھی ٹائون کے سیکڑوں ملازمین سمیت پورے لانڈھی ٹائون کے ملازمین کی تنخواہوں کے بل آڈٹ کیے بغیر واپس بھیج دیے۔جس سے لانڈھی ٹائون کے تمام ملازمین کی تنخواہیں طویل تاخیر کاشکار ہوگئی ہیں۔قوی امکان یہ ہے کہ لانڈھی ٹائون کے تمام ملازمین کو تنخواہیں شاید ماہ جنوری میں نہ مل سکیں۔جس پر لانڈھی ٹائون کے ملازمین کے گھروں میں فاقہ کشی کی صورتحال پیدا ہونے کا شدید خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ملازمین نے حکومت سندھ سے آڈٹ آفیسر عادل پہنور اور میونسپل کمشنر لانڈھی محمد ابراہیم عمرانی کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔