پاکستان میں ایک ہفتے کے دوران 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

98
FILE PHOTO

اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق دال مونگ کی قیمت 2.56 فیصد، پانچ لیٹر کوکنگ آئل 1.56 فیصد، چینی 1.23 فیصد، گھی، بریڈ، لہسن، اور جلانے کی لکڑی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مہنگائی کی شرح سالانہ بنیادوں پر 1.90 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ ایک ہفتے کے دوران 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی، جب کہ 23 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 31.40 فیصد کمی ہوئی، جبکہ آلو کی قیمت میں 10.36 فیصد کی کمی آئی۔ انڈے کی قیمت میں 5.96 فیصد اور دال چنا میں 1.64 فیصد کمی آئی۔ اس کے علاوہ پیاز، چاول، اور دال ماش بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ مہنگائی کے ساتھ ساتھ بعض اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی جا رہی ہے، جو عوام کے لیے کسی حد تک راحت کا باعث بن سکتی ہیں۔