ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ، معیشت کا پہیہ جام کرنے والوں کے دعوے غلط ثابت، وزیراعظم

109

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کے حوالے سے منفی دعوے کرنے والوں کے بیانیے غلط ثابت ہوئے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 33 فیصد زائد رقوم وطن بھیجیں، جس سے 6 ماہ میں ترسیلات 17 ارب 84 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ دسمبر 2024 میں 3.1 بلین ڈالر کی ترسیلات آئیں، جو نومبر 2024 سے 5.6 فیصد زیادہ ہیں۔ مزید برآں، دسمبر 2023 کے مقابلے میں دسمبر 2024 کی ترسیلات میں 29.3 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے اسے اوورسیز پاکستانیوں کے عزم اور ملکی معیشت کے استحکام کی واضح علامت قرار دیا۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے 77 کروڑ ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 63 کروڑ ڈالر، برطانیہ سے 45 کروڑ ڈالر، یورپ سے 36 کروڑ ڈالر، اور امریکا سے 28 کروڑ ڈالر موصول ہوئیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اب معاشی استحکام کے بعد ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اور حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔