جماعت اسلامی کے تحت 12جنوری کو غز ہ مارچ کی تیاریاں عروج پر

133

کراچی:جماعت اسلامی کے تحت اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے خلاف اور اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار 12جنوری کو 3بجے دن سی ویو روڈ پر منعقد ہونے والے عظیم الشان ”غزہ مارچ“ کی تیاریاں اور انتظامات تیزی سے جاری ہیں۔

سیکرٹری کراچی توفیق الدین صدیقی کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں انتظامی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس میں ”غزہ مارچ“ کے سلسلے میں تشکیل دی گئی مختلف ذیلی کمیٹیوں کے ذمے داران نے اب تک کی جانے والی تیاریوں و انتظامات کے بارے میں بتایا۔

اجلاس میں مختلف تجاویز وآرا کی روشنی میں مارچ کو بھر پور اور کامیاب بنانے اور شہریوں کی اپنی فیملیز کے ہمراہ بڑی تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے اور تمام ذمے داران کو ہدایت کی گئی کہ مکمل تیاریوں و انتظامات کو جلد از جلد حتمی شکل دے دی جائے۔

مارچ کا آغاز مین سی ویو روڈ پر نشان پاکستان سے ہوگا اور امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان سمیت مختلف رہنما مارچ سے خطاب کریں گے۔

منعم ظفر خان نے انتظامی کمیٹی کے اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انبیاء ؑکی سر زمین فلسطین اور مسلمانوں کے قبلہ اول کی آزادی پوری امت کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے۔حماس کے مجاہدین و اہل غزہ نے پوری امت کا سر فخر سے بلند اور اسرائیل کا غرورخاک میں ملا دیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ مزاحمت میں ہی زندگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حماس مجاہدین کی حمایت اور پشتیبانی پوری امت کی ذمے داری ہے بالخصوص عالم اسلام کے حکمرانوں اور افواج کا فرض ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی روکنے کے لیے جرأت مندانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے راست اور عملی اقدامات کریں۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ امریکا و مغربی ممالک کی پشت پناہی، اقوام متحدہ کی مجرمانہ خاموشی و جانبداری اور عالم اسلام کے حکمرانوں کی بزدلی نے اسرائیل کو شہ دی ہے اور وہ خونی درندہ بنا ہوا ہے۔ 15ماہ سے غزہ میں فلسطینی مسلمانوں کی بدترین نسل کشی کی جارہی ہے۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ اسرائیل 32ہزار سے زائد بچوں و خواتین سمیت 46ہزار فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے، غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا ہے، اسرائیل عالمی جنگی قوانین کی خلاف ورزیوں کا بھی مرتکب ہو رہا ہے اور شہری آبادیوں، اسکولوں اسپتالوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر بھی بمباری کر رہا ہے۔صہیونی ریاست نے ادویات اور غذائی اجناس کی رسد کے راستے بھی بند کیے ہوئے ہیں۔ان حالات کے باوجود اہل ِ غزہ اسرائیل کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں،ان کی جرأ ت و استقامت اور قربانیوں کو پوری امت مسلمہ سلام پیش کرتی ہے۔حماس کے مجاہدین اور اہل غزہ پوری امت کا اثاثہ ہیں، ہمارے حکمران خواہ کتنی ہی بزدلی دکھائیں، عوام اہل ِ غزہ کی حمایت اور یکجہتی جاری رکھیں گے۔