لیہ: پریس کلب چوک اعظم کے نومنتخب عہدیدران و سینیئرممبران نے ڈپٹی کمشنر امیرہ بیدارسے تعارفی ملاقات کی۔ ڈپٹی کمشنر لیہ نے نومنتخب عہدیدران و ممبران کو مبارکباد دی اور تمام صحافیوں کا آفس آمد پر شکریہ ادا کیا۔ جبکہ ملاقات میں کوثر عباس سید سینئر صحافی رضوان چیمہ، ناصر حیات سینئر صحافی ، غلام عباس سندھو، قمر عباس ڈلو، ملک عبد الرشید، ظفر اقبال نیوی، ابوبکر بلوچ، رانا اعظم، غلام یاسین، شاہ زیب گل، طاہر چوہدری بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر سے گفتگو کے دوران صدر پریس کلب میاں اعجاز اصغر نے چوک اعظم کے بڑھنے مسائل سے آگاہ کیا اور تجاوزات کے خاتمہ کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے کردار کی تعریف بھی کی اور کہا کہ مختصر عرصے کے دوران چوک اعظم شہر سے نا صرف تجاوزات کو ہٹایا ہے بلکہ تجاوزات کا مکمل خاتمہ کروایا ہے جس پر صحافتی اور شہری برادری ڈی سی لیہ کے احسن اقدام کو سرہاتی ہے ۔ ؔ
ملاقات میں جنرل سیکرٹری پریس کلب چوک اعظم نے تجویز دیتے ہوئے کہا شہر کے اندر سے منی بس اڈے ختم کروائے جائیں اور جنرل بس اسٹینڈ کو بحال کروایا جائے ۔ جس پر ڈی سی لیہ نے اتفاق کرتے ہوئے اس مسئلے کے حل کی یقین دہانی کروائی ۔
صحافیوں نے ڈی سی سے لیہ النور لائبریری سمیت باقی سرکاری عمارات جن پر غیر متعلقہ لوگ قابض ہیں ان سے واگزار کروا کر وہ سرکاری ادارے جو پرائیویٹ جگہ پر قائم ہیں انہیں سرکاری عمارات میں منتقل کروانے کا مطالبہ کیا ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر امیرہ بیدار نے کہا کہ النور لائبریری میں تاریخی بکس کے ہونے سے طلبہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں لائبریری سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ شہر کے اندر گنجان آباد جگہوں پر قائم غیر قانونی گیس فیلنگ اسٹیشن مکمل طور پر ختم کر دیے جائیں گے جس کے لیے صحافیوں اور شہری برادری کا تعاون انتہائی ضروری ہے ۔ شہر میں اپنی دکان کے سامنے غیر قانونی ریڑھی کھڑی کروانے والے دکانداروں کو نا صرف بھاری جرمانہ کیا جائے گا بلکہ دکان کو سیل کر دیا جائے گا ۔