عافیہ کی رہائی کیلیے313 مرتبہ آیت کریمہ پڑھ کر دعاکی جائے، فوزیہ صدیقی

40

کراچی (آن لائن) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی اور وطن واپسی کے لیے 313 مرتبہ آیت کریمہ پڑھ کر خصوصی دعائوں کا اہتمام کیا جائے۔ گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ لوگ بہت بڑی تعداد میں عافیہ کی رہائی اور پٹیشن کے بارے میں تازہ ترین صورتحال سے آگاہی حاصل کرنے کیلیے رابطہ کررہے ہیں۔ میں ہر بہن اور بھائی ، علمائے کرام اور آئمہ مساجد سے اپیل کرتی ہوں کہ ڈاکٹر
عافیہ کی رہائی کی نیت سے مساجد، مدارس اور گھروں میں آیت کریمہ کے ورد کے بعد خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں کہ اللہ تعالیٰ عافیہ کی رہائی میں حائل تمام رکاوٹوں کو اس طرح ختم فرما دے کہ میں امریکا سے عافیہ کو اپنے ساتھ واپس وطن لاسکوں۔انہوں نے کہا کہ مظلوم عافیہ کی رہائی کے لیے اگر ایک فرد 313 مرتبہ آیت کریمہ کا ورد کرے تو صرف 400 افراد سوا لاکھ مرتبہ پڑھ لیں گے۔اس طرح ایک دن میں لاکھوں مرتبہ اللہ تعالیٰ سے اس عظیم قرآنی آیت کے توسل سے عافیہ کی رہائی کی دعائیں مانگی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ آیت کریمہ پڑھ کر حضرت یونس علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کو پکارا تھا تو اللہ تعالیٰ نے نہ صرف ان کو مچھلی کے پیٹ میں زندہ رکھا تھا بلکہ اندھیروں سے نجات عطا فر کر اپنی قوم کی طرف واپس لوٹا دیا تھا۔