راولپنڈی (اے پی پی) خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے3 جوانوں کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور7 جنوری2025 کو ضلع کرک میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف دوران آپریشن شدید فائرنگ کے تبادلے میں جام شہادت نوش کرنے والے لانس حوالدار عباس علی شہید (عمر 38 سال، ساکن ضلع غذر)، نائیک محمد نذیر شہید (عمر
37سال، ساکن ضلع اسکردو) اور نائیک محمد عثمان شہید (عمر 37سال، ساکن ضلع اٹک) کو آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ نماز جنازہ میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، شہدا کے لواحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے شہدا کی یہ عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں۔