کراچی (اسٹاف رپورٹر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کے وفد نے ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی جاوداں فہیم کی قیادت میں پریس کلب کی نو منتخب سیکرٹری محمد سہیل افضل و ممبر گورننگ باڈی سے ملاقات کی ۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ذمہ داران نے نومنتخب عہدیداران کی کامیابی پر مبارکباد دی اور گلدستہ پیش کیا۔محمد سہیل افضل نے کراچی پریس کلب پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی رہنماؤں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں مونا صدیقی ،کلثوم جہاں،شیما صدیقی ،صوفیہ یزدانی، غزالہ عزیز، شازیہ حسن، فہمیدہ یوسفی اورماریہ اسماعیل بھی موجود تھیں۔جاوداں فہیم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ صحافیوں کے حقوق اور ان کے مسائل کے حل کے لیے شانہ بشانہ رہی ہے اور ہماری دعائیں
اور نیک تمنائیں کراچی پریس کلب اور پوری صحافی برادری کے ساتھ ہیں۔ یہ کلب ہمارے گھر کی طرح ہے، ہم پوری باڈی کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، امید ہے کہ نئی باڈی پریس کلب کے سیاسی و صحافتی کردار کو برقرار رکھے گی۔ اس موقع پر نائب ناظمہ کراچی فرح عمران، سمیہ اسلم،مرکزی سیکرٹری اطلاعات فریحہ اشرف،صوبائی سیکرٹری اطلاعات صائمہ افتخار، سیکریٹری اطلاعات کراچی ثمرین احمد، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شبانہ نعیم اور سمیہ عامر بھی موجود تھیں۔