کراچی (اسٹاف رپورٹر) کئی سال سے زیر التوا کراچی سے سکھر موٹروے کی رواں سال 2025ء میں تعمیر کے آغاز کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے خصوصی اجلاس میں کراچی سے سکھر تک موٹروے کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ کراچی سکھر موٹروے کا کام ان شاء اللہ2025ء میں جلد از جلد شروع کریں گے، حکومت سندھ کو بھی موٹروے کی تعمیر میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے، موٹروے کا آغاز کراچی پورٹ سے ہوگا اور اسے سکھر موٹروے سے منسلک کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی سے سکھر موٹروے کی تعمیر کے بعد ملک میں نارتھ، ساؤتھ موٹروے کا نیٹ ورک مکمل ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی بالخصوصی تجارتی مال کی نقل و حمل میں یہ موٹروے سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی سکھر موٹروے پروجیکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے
طور پر شروع کیا جا سکتا ہے‘ اگر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ میسر نہ ہوئی تو حکومت خود اس موٹروے کا خرچہ اٹھائے گی، اور اگلے 25 سال میں یہ موٹروے حکومت کو3000 ارب روپے کا منافع دے گی۔