کوئٹہ (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان زاہداختر بلوچ نے کہاکہ بلوچستان کے وسائل سے پیار اور عوام سے بیزارکرنے والا رویہ عوام کے جذبات ،احساس کو نقصان پہنچارہے ہیں، جماعت اسلامی حقوق بلوچستان مہم کے تحت انشاء اللہ عوام سمیت تمام طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرے گی، مصور کاکڑ ولاپتا افراد کو بازیاب کیا جائے، ہم کوئی غیر جمہوری راستہ نہیں اپنائیں گے، بلکہ ہر صورت حقوق حاصل کریں گے آمریت، ظالموں، لٹیروں کا راستہ روکنا ہم سب کا فرض ہے وسائل حکومت اداروں اور ہرچیزپر قابض طبقے عوام کو کیڑے مکوڑے سمجھ رہے ہیں، جماعت اسلامی عوام کی عزت ،احترام ،حقوق کیلئے حقوق بلوچستان مہم چلارہی ہے، عوام ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر صوبہ میں نوجوانوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل عوا م اوردولت کو لٹیروں، ملت دشمنوں سے آزادکرائیں گے، عوام ساتھ دیں تاکہ ایک لاکھ افراد کوئٹہ میں جمع کرکے حکمرانوں، مقتدر قوتوں اورملت دشمنوں سے وسائل ،حقوق اور دولت لے کر عوام پر خرچ کریں لاپتا افراد کو بازیاب اور سیکورٹی فورسز کے مظالم ولوٹ مار سے عوام کو نجات دے دیں، بلوچستان کے لوگ ان ظالموں کی وجہ سے اندھیروں میں علاج تعلیم اورترقی سے محروم ہیں۔