سکھر: ڈاکٹر اعجاز فاطمہ سینٹر میں تولیدی صحت مرکز کا افتتاح

44

سکھر (نمائندہ جسارت) ڈاکٹر اعجاز فاطمہ سینٹر میں تولیدی صحت و آئی وی ایف مرکز کا آغاز ہو گیا، جو تولیدی صحت کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ سینٹر جن افراد اور جوڑوں کو زرخیزی کے چیلنجز کا سامنا ہے، انہیں جدید طبی دیکھ بھال اور مدد فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا، تولیدی صحت مرکز کا افتتاح ڈاکٹر ضیاء الدین یونیورسٹی اسپتال میں پر وقار تقریب میں کیا گیا جس میں صحت کے شعبے کے ماہرین، معززین اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ چیئرمین ڈاکٹر ضیاء الدین یونیورسٹی اسپتال ڈاکٹر عاصم حسین نے سینٹر کے آغاز کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارا مقصد مہارت، اختراع اور ہمدردی کے امتزاج کے ساتھ جدید تولیدی حل کے ذریعے خاندانوں میں امید اور خوشی لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ضیاء الدین یونیورسٹی انتظامیہ اپر سندھ میں صحت کی دیکھ بھال کے شعبے میں جدید تکنیک متعارف کرانے کی کوشش کر رہی ہے، جس سے نہ صرف اپر سندھ بلکہ بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے ملحقہ علاقے بھی اس سے مستفید ہوں گے۔ لانچنگ ایونٹ کے موقع پر تولیدی صحت سے متعلق ورکشاپ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد صحت کی دیکھ بھال کے پیشہ ور افراد کے ساتھ معاون تولیدی ٹیکنالوجیز (ART) میں تازہ ترین پیشرفت سے متعلق معلومات کا تبادلہ کرنا تھا جس میں سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، شکارپور اور گمبٹ سے 200 سے زائد طبی ماہرین نے شرکت کی۔