عمران خان قوم کی خاطر جیل میں ہیں، تحریک انصاف

45

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) تحریک انصاف سندھ کے نائب صدر ملک راجہ عبدالحق اور میرپورخاص کے ڈویژنل صدر آفتاب احمد قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان قوم اور بچوں کے مستقبل کی خاطر جیل میں قید ہیں، اُمید ہے کہ 2025 حقیقی آزادی کا سال ثابت ہوگا اور عمران خان دوبارہ بااختیار وزیر اعظم بن کر آئیں گے ،پی ٹی آئی کی پورے ملک سمیت سندھ میں بھی حکومت ہوگی اور پی ٹی آئی کا کوئی ورکر وزیر اعلیٰ سندھ بنے گا۔ وہ شجاع آباد پریس کلب میرواہ گورچانی کے نو منتخب عہدیداران کو ہار پہنا کر مبارکباد دینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی میرپورخاص کے ڈویڑنل ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اعجاز احمد رندھاوا، ڈویژنل انفارمیشن سیکرٹری عنایت مری اور ڈسٹرکٹ نائب صدر ملک لیاقت علی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا عمران خان نے کبھی سودے بازی نہیں کی جبکہ نواز شریف جیل گئے تو سعودی عرب بھاگ کر جان بچائی، زرداری یا اور کوئی سیاستدان جیل گئے تو بیمار پڑ گئے یا ملک چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ انہوں نے کہا 25 ہزار ارب 17 برس میں سندھ حکومت کو بجٹ کی مد میں ملے لیکن انہوں نے سندھ کو کھنڈر بنا دیا ،سارا بجٹ کرپشن کی نذر ہوگیا، ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، سندھ کا پانی چوری نہیں ہونے دیں گے۔