کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے امیر جماعت اسلامی ضلع ائرپورٹ محمد اشرف کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی میں کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے کم سن بچے عباد کے گھر جاکر اہل خانہ و لواحقین سے ملاقات اور اظہار تعزیت کیا ۔ اس موقع پر ناظم علاقہ شفیق احمد ،وائس چیئرمین یوسی 4ندیم اختر ، وائس چیئرمین یوسی 2 عبدالباسط اور صدر جے
آئی یوتھ شاہ فیصل کالونی عزیر خان ودیگر بھی موجود تھے ۔منعم ظفر خان نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار قابض میئر اور پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کو قراردیا اور ان کی نااہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اربوں روپے کا بجٹ خرچ کرنے کے باوجود کراچی کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے ، کھلے مین ہولز بچوں کے لیے موت کا کنواں بنے ہوئے ہیں ۔قابض میئر اپنے تمام دعووؤں کے باوجود شہر میں گٹر کے ڈھکن تک نہ لگاسکے ، معصوم بچوں کی موت ان کے لیے شرم کا مقام ہے ۔ ماضی میں بھی گٹر کے ڈھکن نہ ہونے کے باعث کئی بچے اپنی جان گنوا چکے ہیں،جماعت اسلامی اور عوامی حلقوں کی جانب سے بار بار توجہ دلانے کے باوجود قابض میئر کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ۔جماعت اسلامی نے اپنے 9ٹاؤنز میں اپنی مدد آپ کے تحت کھلے مین ہولز کور کرنے کے انتظامات کیے لیکن دیگر ٹاؤزنز و یوسیز میں ابھی تک باقاعدہ ڈھکن نہیں لگائے جس کے باعث مزید جانوں کے ضیاع کا خطرہ موجود ہے ۔ گٹر کے ڈھکن نہ لگائے گئے تو خدانخواستہ پھر سے کوئی سانحہ رونما ہوسکتا ہے ۔ قابض میئر شہر کی تمام یوسیز میں کھلے مین ہولز کور کرنے کے فوری اقدامات کریں اور اختیارات وو سائل ٹاؤن ویوسز کی سطح پر منتقل کریں۔