عمران خان کی رہائی کیلیے پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں،رانا ثنا

225

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لیے صرف ان کے اپنے بیانات کے سوا کوئی پریشر نہیں ہے جن جن جگہوں سے وہ توقع کرتے ہیں وہاں سے ابھی تک ایک سادہ بیان بھی نہیں آئی، عمران خان کی بنی گالہ منتقلی کی پیشکش حکومت نے نہیں کی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے اردگرد جو لوگ ان کے ترجمان ہیں ان کے
رویے اس بات کے غماز ہیں کہ وہ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، علیمہ خان کی ان کے سوشل میڈیا آپریٹر سے گفتگو سامنے آئی ہے، علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں کسی قسم کی سہولت کی بات نہیں کرنی چاہیے‘ اس سے پی ٹی آئی کا بیانیہ متاثر ہوتا ہے‘اندرونی لڑائی اس وقت پی ٹی آئی میں چل رہی ہے۔رہنما ن لیگ نے کہا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا نے 2 سال پہلے ننکانہ صاحب کے واقعے کو 24 نومبر کا واقعہ بتایا، فلسطین میں ہوئے مظالم کو ڈی چوک میں ہوئے واقعات بناکر پیش کیا‘گیا آج تک کوئی ایک بندہ سامنے نہیں آیا جس نے کہا ہو وہ ڈی چوک میں تھا اور اسے کوئی نقصان ہوا ہے ‘ پی ٹی آئی چاہتی ہے ملک میں سیاسی استحکام نہ آسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی میں ہم نے اپنے تمام اتحادیوں کو بھی شامل کیا ہے ہم نے کہا ہے اپنے مطالبات تحریری صورت میں دیں ۔ رہنما ن لیگ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کچھ ایشوز تھے ہم نے گورنر ہاؤس پنجاب میں میٹنگ کی ہے اب پیپلزپارٹی کے مسائل نہیں، پیپلز پارٹی والے بیانات دے کر اپنا سیاسی فائدہ چاہ رہے ہیں اس حکومت میں جو بھی فیصلے ہوئے ہیں یا ہو رہے ہیں ان میں پیپلزپارٹی کی قیادت مکمل طور پر شامل ہے۔