کراچی(کامرس رپورٹر) فاطمہ فرٹیلائزر نے چھٹا کسان ڈے ایک تاریخی تقریب کے انعقاد کے ساتھ منایاجس میں پالیسی سازوں، اسٹیک ہولڈرز اور کسانوں کو پاکستان کی معیشت میں زراعت کے اہم کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مدعوکیا گیا۔ اس تقریب میں نہ صرف کسان ڈے کاملک بھر کے کسانوں کی فلاح و بہبود اور انکی پہچان کو اجاگر کرنے والے ایک عملی پلیٹ فارم کے طور پراعتراف کیا گیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر، کسان اتحاد کے صدر خالد کھوکھر، پاکستان میں ایف اے او کی نمائندہ فلورنس رول اور ڈائریکٹر جنرل جی سی آئی پی ایل جنرل شاہد نذیر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی اینڈریسرچ رانا تنویر نے کہا کہ پاکستان کبھی زرعی شعبے میں بے انتہا کامیاب تھا، مگر آج پیچھے رہ گیا ہے۔ تحقیق اور نئی سوچ اس رجحان کو بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے نجی کمپنیوں، بشمول فاطمہ فرٹیلائزر، کے کردار کو بھی سراہا جو ناصرف کسانوں کی بہتر رہنمائی کر رہی ہیں بلکہ پیداوار میں اضافہ کرکے خوراک کے تحفظ کو بھی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔فاطمہ فرٹیلائزر کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسد مراد نے کہاکہ ہم اپنے معاشرے کے حقیقی ہیروز یعنی پاکستان کے کسانوں کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔