پاکستان زرعی اجناس، مشینری برآمد کرنے والا بڑا ملک بن رہا ہے

16

کراچی(کامرس رپورٹر)ایف پی سی سی آئی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین،نیشنل بزنس گروپ کے چیئرمین میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی کے زرعی ترقی پرفوکس کے بہترنتائج برآمد ہورہے ہیں جوقابل تعریف ہے۔ ایس آئی ایف سی پاکستان کی زراعت کواسکے پوٹینشل کے مطابق ترقی دینے کے لئے کوشاں ہے جس میں زرعی پیداوار میں اضافہ، زرعی برآمدات، ویلیوایڈیشن اورزرعی مشینری کی برآمدات شامل ہیں۔ میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ غیر آباد زمینوں کوآباد کرکے زرعی رقبہ بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ پیداوارمیں اضافہ کیا جا سکے جبکہ اسکے ساتھ ہی جدید طریقے بھی اپنائے جا رہے ہیں جبکہ اضافی پانی کا انتظام بھی کیا جا رہا ہے۔ مشرقی افریقہ کے اہم ملک تنزانیہ کوٹریکٹروں کی برآمد شروع کردی گئی ہے جوتنزانیہ سے اسکے پڑوسی ممالک بھی خریدیں گے۔ اس سارے معاملہ میں ایس آئی ایف سی نے بنیادی کردارادا کیا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ چاول کی پیداوار، معیاراوربرآمد کوبھی توجہ دی جا رہی ہے اور2024 میں صرف سعودی عرب کوچاول کی برآمد میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ مجموعی برآمدات چار ارب ڈالرتک پہنچ گئی ہیں جنھیں 2025 میں پانچ ارب ڈالرتک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔ اس سلسلہ میں بہتربیج، تحقیق، موثرکاشتکاری اوربہترپیداواری طریقوں پرتوجہ مرکوزکی جا رہی ہے۔ چاول کی بین الاقوامی منڈی میں مسابقت کوبرقراررکھنے کے لیے جدت کواپنایا جا رہا ہے۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان کے زرعی نظام کوبہتربنایا جا رہا ہے۔