کراچی( اسٹاف رپورٹر ) شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کومبنگ آپریشن اور چھا پوں کے دوران 20ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، موبائل فون ،منشیات ،موٹر سائیکل اور مسروقہ سامان برآمد ہوا ،تھانہ موچکو پولیس نے لاکھوں روپے مالیت کا 21 ٹن سے زائد چنا برآمدکرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق سینٹرل نیو کراچی، گلبرگ اور لیاقت آباد ڈویڑن کی حدود نیو کراچی ابوزر کالونی سیکٹر 11D اور اطراف میں اور گلبرگ کی حدود کچی آبادی بلاک 12 اور لیاقت آباد کی حدود نغمان ولیج A ایریا میں کومبنگ آپریشن کیا گیا،آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی سمیت ہوٹلوں ریسٹورنٹ اور دیگر مقامات پر مشتبہ افراد کو تلاش ڈیوائس سواس ڈیوائس کی مدد سے چیک کیا ،پولیس نے چند مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا ہے جن سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔ادھر تھانہ سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے فقیرہ گوٹھ سے منشیات فروش ملزم زین العابدین ولد محفوظ الرحمن کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک کلو سے زائد (1040 گرام) چرس اور فروختگی کی رقم برآمد کرلی گئی۔