کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کراچی میں اسپیشل برانچ پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف متحرک ہو گئی، منظم جرائم چلانے والوں اور اسپیشل برانچ اہلکارو ں میں گٹھ جوڑ کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق منظم جرائم میں ملوث ملزمان کو پکڑنے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف مسلسل مبینہ طور پر جھوٹی آئی آرز (انفارمیشن رپورٹ) بھی بنا نے لگے ہیں۔ کراچی پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے تصدیق کی کہ جو حالیہ آئی آرز نکلی تھیں جب ان پر انکوائری کی گئی تو زیادہ تر درست نہیں تھیں ان کا کہنا تھا کہ کوئی اچھا پولیس افسر منظم جرائم کے خلاف کارروائی کرے تو اس کے خلاف بھی جھوٹی آئی آر بنا دی جاتی ہے پولیس میں یہ ایک تشویش ناک بات ہے۔تاہم اعلیٰ پولیس حکام کے مطابق اسپیشل برانچ کے افسران اور اہلکاروں کی منظم جرائم پیشہ افراد سے گٹھ جوڑ کی شکایات بھی سامنے آ چکی ہیں، اس سلسلے میں جب اسپیشل برانچ کے افسران سے بات ہوئی تو انہوں نے بتایا کہ آئی آرز خفیہ معلومات کی بنیاد پر نکالی جاتی ہیں، اور اس پر فوری ایکشن نہیں لیا جاتا بلکہ انکوائری کی جاتی ہے۔