عمران خان مذاکرات کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے‘سعید غنی

13

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو سمجھنا چاہئے کہ کسی صوبے میں ان کی حکومت ہے، جب حکومت میں ہوتے ہیں تو صوبے کے عوام کے ذمے دار ہیں لیکن افسوس کہ خیبرپختونخوا کے مسائل پر کسی کی توجہ نہیں ہے، کے پی میں امن امان کا مسئلہ ہے اور ان کے یہاں کے حکمران بانی کے حکم پر اسلام آباد پر چڑھائی کے لیے تیار ہیں‘ کے پی کے مسائل پر کسی کی توجہ نہیں ہے۔ ریڈ لائن منصوبہ سندھ حکومت کا پروجیکٹ ہے۔شرجیل انعام میمن نے اس کو بہتر کیا ہے۔ سیاسی جماعتیں مذاکرات کرتی ہیں، البتہ خدشہ ہے کہ عمران خان مذاکرات کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے بلکہ وہ مذاکرات کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ کورنگی کازوے پر کام تیزی سے جاری ہے اور یہ دو سالہ منصوبہ ان شاء اللہ اپنے مقررہ وقت سے ایک ماہ قبل ہی مکمل کرلیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز کورنگی کازوے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر عباس علی کے ہمراہ کازوے پر جاری کام کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ پچھلے پچیس سے تیس سالوں سے اس شہر کے ساتھ کیا ہوا، ایم کیو ایم نے اس شہر کے ساتھ کیا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب کراچی کے عوام نے ہمیں منتخب کیا ہے، ہم کراچی کے عوام کے سامنے جوابدہ ہیں ہمیں اس کے لیے کسی ایم کیو ایم کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔ وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ملیر ایکسپریس وے پر موٹر سائیکل اور چنگچی رکشہ لانے کی ممانعت ہو گی۔